ریاض (اے پی پی + آن لائن) بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے گزشتہ روز یہاں سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل حسین بن عبداللہ القابل کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان قریبی تعاون سے متعلق امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی چیف آف جنرل سٹاف نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے پائیدار تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نہ صرف پاکستان کو اپنا دوست تصور کرتا ہے بلکہ اسے اس سے زیادہ اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک آزمائش کی کسی بھی گھڑی میں ایک دوسرے پر باہمی اعتماد کر سکتے ہیں۔ آن لائن کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی نے گزشتہ روز سعودی نائب وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز سے ریاض میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں نے عسکریت پسندی‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور باہمی تعاون کے فروغ کے بارے مےں معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شہزادہ محمد بن نائف نے سعودی آرمی کو تربیت اور اس کی استعداد کار کو بہتر بنانے کے لئے پاکستانی فوج کی خدمات کو سراہا اور جنرل کیانی کو تمام متعلقہ شعبوں میں سعودی حکومت کے تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔