لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان جمناسٹک فیڈریشن نے 47ویں قومی جمناسٹک چیمپئن شپ مئی کے دوسرے ہفتے میں کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ فیڈریشن کے 30 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جوکہ چیئرمین پاکستان جمناسٹک فیڈریشن خواجہ فاروق سعید کی زیرصدارت منعقد ہوا تھا۔ چیمپئن شپ کی میزبانی پنجاب کو سونپی گئی ہے جس کی حتمی تاریخوں اور شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ پاکستان جمناسٹک فیڈریشن نے چیمپئن شپ کی تیاریوں کے حوالے سے چاروں صوبائی ایسوسی ایشنز سمیت محکمہ جاتی ٹیموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ چیئرمین پاکستان جمناسٹک فیڈریشن خواجہ فاروق سعید کا کہنا ہے کہ چیمپئن شپ سے ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کر کے ان کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا جس میں سے سا¶تھ ایشین گیمز اور ایشین جمناسٹک چیمپئن شپ کے لئے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔