جنوبی پنجاب میں ہمارے کام زندہ حقیقت ہیں‘ بیان بازی سے جھٹلایا نہیں جا سکتا : شہبازشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) دوبارہ حکومت میں آکر جنوبی پنجاب میں تعمیر و ترقی کا سلسلہ وہیں سے دوبارہ شروع کرینگے جہاں سے مارچ 2013ءمیں ہماری حکومت کے اختتام پر ٹوٹا تھا۔ جنوبی پنجاب میں ہمارے ترقیاتی کام زندہ حقیقتیں ہیں جنہیں اخباری بیان بازی کے ذریعے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ اس امر کا اظہار شہبازشریف نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے امیدواروں، سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹر سکیم ہو یا نوجوانوں کے لئے روزگار کے قرضے ہم نے اپنے ہر فلاحی منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا بلکہ مسلم لیگ ن نے ان تمام سکیموں میں جنوبی پنجاب کا حصہ آبادی کے تناسب سے زیادہ رکھا۔ تمام کے تمام 16 دانش سکول جنوبی پنجاب میں قائم کئے گئے جنوبی پنجاب کے عوام ان نام نہاد لیڈروں کو معاف نہیں کرینگے جنہوں نے 2010ءکے سیلاب کے دنوں میں انہیں تنہا چھوڑ دیا تھا۔ ان لیڈروں میں اس وقت کی حکومت اور حکومت سے باہر کے لیڈر شامل تھے۔ سیاست محض خواب دیکھنے اور دکھانے کا کام نہیں یہ عوام کی خدمت کا دوسرا نام ہے جس کے لئے جان مارنی پڑتی ہے اور مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے جس طرح مصیبت کے ان دنوں میں سیلاب زدہ بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دن رات بسر کرنے کی توفیق دی، جنوبی پجاب کے کھیت، بازار اور گلیاں اس کی گواہ ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام احسان فراموش نہیں۔ جنوبی پنجاب میں بننے والا کوئی عوام دشمن اتحاد مسلم لیگ ن کی جیت میں حائل نہیں ہو سکتا۔

ای پیپر دی نیشن