اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور معیشت کے میدان میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کی نئی راہیں تلاش کرنے کیلئے دونوں اطراف کو مربوط کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے یہ بات ارجنٹائن کے وفاقی سیکرٹری خارجہ امور ایڈورڈ انتونیو زوین سے جمعہ کو ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر روڈولفو مارٹن سراویا اور ارجنٹائن کی وزارت خارجہ امور کے سفیر سلیسٹے کوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات استوار ہیں تاہم باہمی تجارت اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ایڈورڈ انتونیو زوین نے ملاقات پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو وسعت دینے اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین سے بلوچستان کے سینئر وزیر سردار ثناء اللہ زہری نے جمعہ کو ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبہ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ صدر نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور صوبہ کے عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے موجودہ حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں قیام امن اور پائیدار ترقی کو ترجیح دیتی ہے۔ بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ صدر نے اس موقع پر صوبائی حکومت کو بلوچستان کے عوام کو قومی زندگی کے مرکزی دھارے میں لانے کی کوششوں میں وفاقی حکومت کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ سردار ثناء اللہ زہری نے بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود میں گہری دلچسپی لینے پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔