اسلام آباد (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے لاہور میں 9 ماہ کے بچے کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ کے اندراج پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت کو بھی 9 ماہ ہو چکے ہیں‘ علم نہیں اس کی ایف آئی آر کون کاٹے گا‘ لوگ کہتے ہیں وعدے ایفا نہیں ہوئے‘ نہ عوام سے نہ اتحادیوں سے‘ ڈاکٹر عبدالمالک بھی قوم پرست ہونے کے باوجود کچھ نہ کر سکے‘ ایف آئی آر ادھر بھی کٹنے والی ہے‘ انہیں اقتدار تو ملا اختیار نہیں‘ فوج جتنے فیصد تعاون کریگی اتنے فیصد مذاکرات کامیاب ہونگے۔‘ بلوچستان کے پارلیمنٹرین کو دیوار میں چنا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا 13 سال بعد وہی صورتحال ہو گئی ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ ایکٹر تبدیل ہوئے ہیں، سکرپٹ وہی پرانا ہے ۔ وہی پرویز مشرف ہے ‘ وہی نواز شریف اور وہی سعودی عرب۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے راستے میں دھماکہ رخصتی کی خوشی میں پھوڑا جانے والا پٹاخہ ہے‘ گزرنے کے بعد جو دھماکے ہوتے ہیں وہ راستہ کلیئر کرنے کیلئے ہوتے ہیں۔
حکومت کو 9 ماہ ہوچکے‘ اسکی ایف آئی آر کون کاٹے گا: حافظ حسین
Apr 05, 2014