بھارت: عام آدمی پارٹی کے سربراہ کجریوال کو انتخابی ریلی کے دوران تھپڑ رسید

Apr 05, 2014

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی اے) بھارت میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور وزارت عظمیٰ کے امید وار اروند کجریوال کو ایک نوجوان نے انتخابی ریلی کے دوران تھپڑ رسید کر دئیے۔ دلی کے جنوبی علاقے ڈکشن پوری میں انتخابی مہم میں شرکت کے دوران ہجوم میں ایک شخص نے کجریوال پر حملہ کیا اور گھما کر گردن پر دو تھپڑ رسید کئے بعد میں حملہ آور لوگوں کے ہتھے چڑھا تو اس کی بھی خوب آؤ بھگت ہوئی اور پولیس نے اسے حراست میں لے لیا، اس سے پہلے کجریوال کو بنارس میں انتخابی مہم کے دوران انڈے پڑے اور مندر پہنچنے پر سیاہی سے بھی منہ کالا ہوگیا تھا۔ کجریوال پر حملے میں بی جے پی کے افراد ملوث بتائے جاتے ہیں۔ کجریوال نے نریندر مودی کو حملے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کچھ لوگ وزیراعظم بننے کے لئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔ وہ حملے کرتے رہیں ہم کوئی جوابی کارروائی نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں