لاہور + کراچی (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو بچگانہ اور احمقانہ بیانات سے گریز کریں، موجودہ ملکی صورتحال سنجیدہ رویے کی متقاضی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کے پانچ سالہ بدترین لوٹ مار کے دور کو کیسے بھول سکتے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کرپشن عروج پر تھی، عوام پیپلزپارٹی کے کرپٹ حکمرانوں کو نہیں بھولے۔ بلاول بھٹو اپنی جماعت کی جانب سے ملک کو دیوالیہ کرنے کی ذمہ داری قبول کریں۔ نندی پور پاور پراجیکٹ پیپلزپارٹی کی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے جسے حرص کی بھینٹ چڑھا کر قوم کو اندھیرے میں ڈبودیا گیا۔ بلاول کا اصل مسئلہ ڈی سٹیبلائزیشن ہے۔ دہشت گردی پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ بلاول بھٹو تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں حکومت کی انسداد دہشت گردی پالیسی پر تنقید کرکے کس کے ہاتھ مضبوط کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت کا کوئی بھی سکینڈل نہیں، مسلم لیگ ن کا شفاف اور کرپشن فری طرز حکومت ہر پاکستانی کے لئے فخر کی بات ہے پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہر آنے والا سورج کرپشن کے نئے ریکارڈ اور نئی کہانیاں لے کر طلوع ہوتا تھا۔ بلاول بھٹو طفل مکتب ہیں اپنے نازک کندھوں پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں اور قد سے بڑھ چڑھ کر باتیں نہ کریں انہیں میاں صاحب کی حکمت عملی کچھ عرصے کے بعد سمجھ آئے گی۔ الٹے سیدھے بیانات بلاول کو اقتدار کی کرسی پر نہیں بٹھا سکتے۔ پیپلزپارٹی کو انتخابات میں عبرتناک شکست یاد رکھنی چاہئے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نوازشریف دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیک کر شہداء کے خون کا سودا نہ کریں۔ بلاول نے نوازشریف کو آئینہ دکھایا تو وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے۔ رانا ثنا شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے قوم کیلئے جان کے نذرانے دیئے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت شریف برادران کی طرح معاہدے کر کے نہیں بھاگی۔ نوازشریف نے اپنے خلاف کرپشن کے تمام کیسز ختم کرا دئیے۔