لاہور (کامرس رپورٹر) ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے دو رُکنی جائزہ مشن نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری سے ملاقات کی اور سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کو آپریشن ممالک کے ساتھ تجارت اور ٹرانسپورٹیشن کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ جائزہ مشن میں ایڈریان سیمنز اور عامر علی شامل تھے جبک۔ ایڈریان سیمنز نے لاہور چیمبر کے صدر کو آگاہ کیا کہ سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کو آپریشن ممالک تک ٹرانسپورٹیشن کی دشواریوں پر ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی رپورٹ مئی 2014ء کے آخر تک حکومت کو پیش کی جائے گی۔ گلوبلائزیشن کے عمل کی وجہ سے تجارت اور نقل و حمل کی رکاوٹوں نے ان ممالک کے لیے بہت سے چیلنجز پیدا کیے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنا ہو گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن ممالک تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بننے، تیز رفتار معاشی ترقی کے حصول اور غربت ختم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کی بہترین جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے وسطیٰ ایشیائی ریاستیں اور افغانستان قدرتی طور پر اس کے تجارتی حصے دار ہیں لہٰذا حکومت ان کے ساتھ تجارت میں پاکستانی تاجروں کو مدد دے۔ انہوں نے جائزہ مشن کی توجہ وسطیٰ ایشیائی ریاستوں میں بینکنگ چینلز کی عدم موجودگی کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے رقوم کی ترسیل ضروری ہے لہٰذا جب تک بینکنگ کا نظام وضع نہیں کیا جاتا تب تک ان ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانا ممکن نہیں۔