لاہور (خصوصی رپورٹر) رواں سال گندم کی خریداری کے معاملات کی خفیہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔ تاکہ کوئی سیاسی یا سرکاری بندا گندم کی خریداری میں گڑبڑ کرنے کا مرتکب نہ ہو۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گندم خریداری کے تمام مراحل کی خفیہ مانیٹرنگ کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کو ٹاسک دیا ہے کہ باردانہ کی تقسیم اور خریداری مراکز میں گندم کی آمد کے بعد گندم کی اپنی باری پر اَن لوڈنگ اور دوست وزن کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین اپنی سخت گیر طبیعت کے باعث گندم کی خریداری کو شفاف بنانے میں اہم کردار ادا کرینگے۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبائی وزیر بلال یاسین کو حکومت کی جانب سے کسی بھی جگہ اچانک چھاپہ مارنے کی خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ حکومت پنجاب نے رواں سیزن میں 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے۔