لاہور (سپورٹس رپورٹر) تحریکِ پاکستان کے ممتاز کارکن آغا نصیر احمد کو گزشتہ روز سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میںلاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، سیکرٹری شاہد رشید، ولید اقبال ایڈووکیٹ، نظریۂ پاکستان فورم ایبٹ آباد کے کنوینر علی افضل جدون، میجر جنرل (ر) راحت لطیف، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان، مرحوم کے عزیز و اقارب سمیت کھیلوں سے وابستہ تنظیموں کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکا میں خاور شاہ، خالد بشیر، آصف اقبال، راشد محمود بٹ، میجر جنرل (ر) اکرم ساہی، کرنل (ر) مجاہد اﷲ ترین، منور بصیر، وقار علی، پروفیسر ممتاز بٹ و دیگر شامل تھے۔ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے رسم قل آج بعد از نماز عصر ان کی رہائش گاہ واقع E-57 غزنی لین والٹن روڈ نیو سپر ٹائون لاہور کینٹ میں ہو گی جبکہ اجتماعی دعا چھ بجے شام ہو گی۔آغا نصیر احمد ایوانِ کارکنان تحریکِ پاکستان لاہور میں جمعرات کی دوپہر کو منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران بے ہوش ہو گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ مرحوم کی عمر 83 برس تھی۔ انہوں نے پسماندگان میں دو بیٹے بریگیڈیئر اقتدار نصیر اور کرنل نامدار نصیر چھوڑے ہیں۔