لاہور (اپنے نامہ نگار سے) این اے 125 میں مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت الیکشن ٹربیونل میں ہوئی۔ پی پی 155 اور پی پی 156 سے منتخب مسلم لیگ (ن) کے ایم پی ایز میاں نصیر اور یاسین سوہل کے بیانات قلمبند کئے گئے اور ان پر جرح مکمل کی گئی۔ فاضل ٹربیونل نے حتمی بحث کیلئے سماعت 11 اپریل تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد انتخابی عذرداری داخل کرنے والے تحریک انصاف کے امیدوار حامد خان کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے آر او سے ملکر این اے 125 میں دھاندلی کی۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے ترجمان زعیم قادری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حامد خان نے تو 7 فیصدحلقے کا دورہ بھی نہیں کیا تھا، انہیں لوگ جانتے تک نہیں اب ہارنے کے بعد وہ الزام تراشی کررہے ہیں۔