یمن کے مسئلے پر قومی یکجہتی ضروری ہے، وزیراعظم، چند وزراء فیصلہ نہ کریں: سراج الحق

Apr 05, 2015

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ یمن کے حوالے سے فیصلہ صرف وزیراعظم اور انکے چند وزراء کو بیٹھ کر نہیں کرلینا چاہئے بلکہ اس کیلئے قوم کی یکجہتی ضروری ہے۔ سعودی عرب کو کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہے تو پوری دنیا کے مسلمانوں کو آگے بڑھنا چاہئے۔ او آئی سی کو لڑائی ختم کرانے میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ گذشتہ روز ملتان چونگی پر رابطہ عوام مہم کے افتتاح کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رابطہ عوام مہم کا مقصد عوام کو بیدار کرنا اور یہ احساس دلانا ہے کہ آپ کو سب سے زیادہ نقصان حکمرانوں نے ہی پہنچایا ہے۔ آپ اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعے ان ظالموں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شریعت کا نظام نافذ ہوگا تبھی عام آدمی کو انصاف اور اسکے حقوق مل سکیں گے۔ جوڈیشل کمشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جرگہ کی بڑی کامیابی ہے، تحریک انصاف کے ارکان اسمبلیوں میں آ کر عوام کی خدمت اور انکے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بھٹو ڈے تو منایا مگر بھٹو کے نعروں پر عمل نہیں کیا۔ غریب آدمی آج بھی روٹی کپڑا اور مکان کیلئے مارا مارا پھر رہا ہے۔ منصورہ میں شباب ملی فاٹا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت قبائلی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے، نہ وہاں ہسپتال ہیں نہ تعلیمی ادارے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف الطاف حسین کی جگہ لینا چاہتے ہیں تاکہ وہ اسکا خلا پر کر سکیں مگر یہ کراچی کے عوام کے ساتھ انکا ایک اور دھوکہ ہو گا۔ گورنر سندھ مجرموں کے سرپرست ہیں انہیں برطرف کیا جائے۔ دریں اثنا جماعت اسلامی کے امیر نے مقتول طالب علم زین کے گھر جاکر اسکی والدہ اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی اور جماعت اسلامی کی طرف سے انہیں ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زین قتل کیس وزیراعلیٰ پنجاب اور عدلیہ کیلئے ایک ٹیسٹ کیس ہے۔ ملک میں جب تک آئین اور قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوگی، ظلم ختم نہیں ہو گا۔ معاشرے کو اسلحہ سے پاک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو بچانے کی کوشش کی گئی یا مظلوم خاندان کو انصاف نہ دیا گیا تو جماعت اسلامی اس خاندان کے ساتھ کھڑی ہوگی اور کسی ظالم کو اثرورسوخ کی بنیاد پر غریبوں کے بچوں کا شکار کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے سیاسی خانوادوں کے شہزادے دن دیہاڑے سڑکوں پر اسلحہ لہراتے پھرتے ہیں انہیں کسی قانون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا خوف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لیں تاکہ آئندہ کسی غریب کا بچہ ظلم کا نشانہ نہ بنے۔

مزیدخبریں