کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق سینیٹر محمد علی بروہی اور سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مصطفی کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ محمد علی بروہی نے کہا کہ ہم اُردو اور سندھی بولنے والوں کے مفاد میں ایم کیو ایم میں شامل ہوئے تھے لیکن الطاف حسین نے سندھی اور اُردو بولنے والوں کے درمیان فاصلے پیدا کئے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ 24 اپریل پاکستان کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ہوگا۔ ہمارے قافلے میں جو شامل ہوگا ہم اسے لڑنے اور اسلحہ چلانے کی تربیت نہیں دیں گے اور نہ ہی لوگوں کو ’’را‘‘ کا ایجنٹ بنائیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر محمد علی بروہی نے کہا کہ ہم جب ایم کیو ایم میں شامل ہوئے تو اسکی وجہ یہ تھی کہ ہم سندھی اور اُردو بولنے والوںکے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا چاہتے تھے لیکن معلوم ہوا کہ ایک شخص جو لندن میں بیٹھا ہوا ہے وہ پاکستان اور سندھ دشمنی پر گامزن ہے۔ انہوںنے کہا کہ الطاف حسین نے پوری قوم کو تباہ کردیا ہے ۔میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ مصطفی کمال ،انیس قائم خانی اور دیگر کا ساتھ دیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں ایم کیو ایم میں آنے کے بعد معلوم ہوا کہ الطاف حسین ’’را‘‘ کے ایجنٹ ہیں ۔انہوں نے اپنی نسلوں کو تباہ کردیا ۔الطاف حسین کی پاکستان اور سندھ دشمنی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ 2002ء میں ایم کیو ایم میں شامل ہوا۔ 2003ء سے 2009ء تک سینیٹر رہا اور سندھ تنظیمی کمیٹی (ایس ٹی سی) کا جوائنٹ انچارج اور بلوچستان تنظیمی کمیٹی کا انچارج بھی رہا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ ہمیںمعلوم ہوچکا ہے کہ یہ ملک اور سندھ دشمنی کی طرف گامزن ہیں اور ہمیں اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اسلئے ایم کیو ایم کو خیرباد کہہ دیا۔ اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارا پیغام تیزی سے پھیل رہا ہے اور وطن پرستی کے قافلے میں لوگوں کی شمولیت بھی تیزی سے ہورہی ہے۔ ہم اپنے خیالات رکھتے ہیں۔ ہم پہلے بھی کہتے آئے ہیں اور اب بھی کہتے ہیں کہ ہم کسی سے دشمنی نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی کسی سے لڑیں گے۔ انہوںنے کہا کہ الطاف حسین نے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فاصلے پیدا کئے اور ایسا بیج بویا جس سے نفرتیں پیدا ہوئیں۔ میں اپنے سندھی بولنے والوں سے درخواست کرتا ہوں کہ الطاف حسین کی تقاریر کو سنجیدہ نہ لیں۔ وہ کبھی کبھی مفادات کیلئے مہاجر کارڈ کو استعمال کرتے ہیں اور جب بھی پیپلز پارٹی سے کوئی بھی بات منوانی ہوتی ہے تو مہاجروں کی بات کرتے ہیں۔ الطاف حسین کو معلوم نہیں کہ ان کی تقریر سے مہاجر اور سندھی بولنے والوں میں کتنی تشویش پیدا ہوتی ہے۔ انکو تو صرف لوگوں کی زندگیاں چاہئیں ۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہم اپنا فلسفہ لے کر ایک ایک دروازے پر جائیں گے اور بچوں کو نفرت کی ترغیب دینے کی بجائے تعلیم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 24 اپریل کو وطن پرستوں کا جلسہ ثابت کردے گا کہ انہوں نے ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کو مسترد کردیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار معصوم ہی ہوسکتے ہیں ہم انہیں کہتے ہیںکہ آپ ’’را‘‘ کے ایجنٹ ہیں۔ آپ نے دو نسلیں کٹوا دیں۔ وہ آگے سے کہتے ہیں کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں۔ اگر کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لے آئیں۔ انہوںنے کہا کہ میرے لندن جانے کے حوالے سے اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
متحدہ کے سابق سینیٹر محمد علی بروہی پاک سرزمین پارٹی میں شامل،24 اپریل کا جلسہ پاکستان کے لئے ٹریننگ پوائنٹ ہو گا: مصطفی کمال
Apr 05, 2016