کراچی (خصوصی رپورٹر ) پاک سرزمین پارٹی کے سیکریٹری جنرل رضاہارون نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک میں مردم شماری کے نتائج سے قبل نئی حلقہ بندیوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو غیرآئینی و غیر قانونی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری مردم شماری کے مکمل نتائج کی روشنی میں ہی آئین وقانون کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی پہلے ہی مایوس کن ہے اور تمام ہی سیاسی جماعتوں نے اس کی کارکدگی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ایک آزاد اور غیر جانبدار ادارے کے طور پر کام کرنا چاہئے اور اصلاحات و جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے الیکشن کے شفاف انعقاد کرانے پر توجہ مرکوز رکھنے چاہئے۔ رضا ہارون نے واضح کیا کہ پی ایس پی موجودہ حلقہ بندیوں میں مردم شماری سے قبل کسی بھی تبدیلی کی اطلاعات کو پاکستانی قوم کے خلاف سازش سمجھتے ہوئے مسترد کرتی ہے۔ پی ایس ہی ایسے عمل کو قطعی غیرآئینی و غیر قانونی سمجھتی ہےاور ایسے عمل کے خلاف نہ صرف احتجاج کرے گی بلکہ اعلی عدالتوں سے بھی رجوع کرے گی۔
رضا ہارون
مردم شماری کے نتائج سے قبل نئی حلقہ بندیاں غیرآئینی ہیں ، رضاہارون
Apr 05, 2017