کیانی پر الزام نہیں لگایا، خبرکی وضاحت مانگی تھی: نعیم الحق، ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے قائد کی تقلید کی: پرویز رشید

اسلام آباد (ایجنسیاں) تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں نوازشریف کو کامیاب کرانے کا الزام جنرل کیانی پر نہیں لگایا‘ ایک اخبار میں شائع خبر پر وضاحت دینے کا کہا تھا۔ میرا بیان پارٹی پالیسی نہیں۔ جنرل کیانی سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔ 2013ء کے انتخابات سے متعلق ہمارے پاس ہزاروں شکایات آئی تھیں۔ عمران خان نے رات میں ہی ہدایت کی تھی کہ بیان کی وضاحت کی جائے۔ پارٹی ترجمان ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ذاتی رائے نہیں رکھ سکتے۔ ایک انٹرویو میں نعیم الحق نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات عمران کی خواہش تھی۔ پاک افغان سرحد بند ہوئی تو عمران نے جنرل باجوہ سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بنی گالا میں دو گینگ کام کر رہے ہیں، ایک چھوٹو گینگ، دوسرا لٹو گینگ ہے، پہلے پی ٹی آئی کے الزام دو چار دن چل جاتے تھے، اب تو فوری ہی یوٹرن لیتے ہیں۔ نعیم الحق کے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نعیم الحق کے جھوٹے الزامات کی بنیاد ایک مزاحیہ مضمون تھا، ان کے دماغ میں اتنا جھوٹ بھرا ہے کہ وہ حسِ مزاح سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نعیم الحق نے اپنے قائد کی تقلید کی اور الزامات لگا دئیے، ان میں اخلاقی جرات ہوتی تو بتاتے الزامات کی بنیاد طنزیہ مضمون تھا، لیکن انہوں نے اب کان پکڑ لیے۔

ای پیپر دی نیشن