پاکستان میں خوراک کو تحفظ دینے کی ضرورت ہے: فرانسیسی ماہر

اسلام آباد (جاوید صدیق) خوراک و زراعت کے فرانسیسی ماہر آلین ریوکرو نے کہا ہے پاکستان میں خوراک کو تحفظ دینے کی ضرورت ہے‘ خوراک کو فنگس لگ جاتا ہے جس سے خوراک بڑے پیمانے پر ضائع ہو جاتی ہے۔ گزشتہ شام فرانسیسی سفیر کی اقامت گاہ پر نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے فرانسیسی ماہر جو اول مکس نامی کمپنی کے نمائندہ بھی ہیں نوائے وقت کے استفسار پر بتایا فرانس کے پاس خوراک کو محفوظ بنانے اور اس کی کوالٹی کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور طریقہ کار موجود ہے جس کے ذریعہ پاکستان زرعی شعبہ کی پیداوار کو خراب اور ضائع ہونے سے بچا سکتا ہے۔ فرانسیسی ماہر نے کہا کہ پاکستان میں پولٹری کا شعبہ بہت ترقی یافتہ ہے لیکن ڈیری کا شعبہ اتنا منظم نہیں۔ ڈیری کے شعبہ کو جدید بنیادوں پر استوارکرنے کی ضرورت ہے۔ دودھ اور دوسری ڈیری مصنوعات کو خراب ہونے سے بچانے کے لئے جدید طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ فرانسیسی ماہر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا وہ پاکستان میں نجی شعبہ میں پولٹری کے بڑے بڑے فارمز کو پولٹری کی کوالٹی بہتر بنانے اور گوشت کو صحت بخش بنانے کے لئے مشورے دے رہے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن