جون سے قبل مشاورت سے الیکشن کمشن ریفارمز مکمل کرلیں گے: ایاز صادق

لاہور (خصوصی رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پانامہ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے، وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ عدالت کا جو فیصلہ ہو گا انہیں منظور ہو گا، جون سے پہلے الیکشن کمشن کے اختیارات میں اضافے کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے اصلاحات مکمل کر لی جائیں گی۔ ڈاکٹر عاصم، شرجیل میمن، مولانا حامد سعید کاظمی اور ایان علی کو حکومت نے نہیں، عدالتوں نے رہا کیا۔ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 122 میاں میر میں مقامی شادی ہال میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید، ڈپٹی میئر میاں محمد طارق، ڈاکٹر محمد علی، اظہر فاروقی و دیگر بھی موجود تھے۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ کسی کو چھینک بھی آ جائے تو کہتے ہیں کہ پانامہ کی وجہ سے آئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اگر موسم اچھا ہے تو اس کا مطلب ہے فیصلہ اچھا آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ہمارا مقابلہ کسی ایک جماعت سے نہیں، مقابلہ طاہرالقادری کی جماعت سے بھی ہو سکتا ہے اور عوامی مسلم لیگ سے بھی ہو سکتا ہے۔ قبل ازیں اچھرہ کے دورے کے دوران مقامی رہائشیوں نے گندے پانی کی بوتلیں اٹھا کر سردار ایازصادق کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی انہیں ملے بغیر چلے گئے ہیں۔ تاہم سردار ایاز صادق نے مخالف سیاسی جماعت کے کارکنوں اور حامیوں کی شکایت کو تحمل سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...