سپر کبڈی لیگ : تیسری ٹیم گجرات اور سٹرابری سپورٹس مینجمنٹ کے درمیان دس سال کا معاہدہ

Apr 05, 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سپر کبڈی لیگ کی تیسری ٹیم گجرات اور سٹرابری سپورٹس مینجمنٹ کے درمیان دس سال کا معاہدہ طے پا گیا۔ سٹرابری سپورٹس مینجمنٹ کے سی ای او حیدر علی داود کا کہنا تھا کہ سپر کبڈی لیگ کی اہمیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ لیگ کی ٹیموں کی فرنچائز حاصل کرنے کے لیئے بڑی تعداد دلچسپی لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گجرات کے نام سے تیسری ٹیم کا معاہدہ ہوا ہے۔ آل جلیل گارڈن کے چودھری نصراللہ وڑائچ جو کبڈی سے بہت پیار کرتے ہیں نے گجرات نام سے ٹیم خریدی ہے۔ جلد دیگر تین ٹیموں کے ناموں کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سپر کبڈی لیگ کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی یقین دہانی کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی لیگ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر گجرات ٹیم کے مالک چودھری نصراللہ وڑائچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ تمام کھیلیں تنزلی کا شکار ہیں کھیلوں کی ترقی کے لئے ہم نے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔ کبڈی ہمارا روایتی کھیل ہے جس کی پہلی سپر کبڈی لیگ ہو رہی ہے، ہمارا تعلق گجرات سے ہے اپنے شہر کے نام سے ٹیم بنائی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ ان کے بھائی چودھری مجید وڑائچ کا کہنا تھا کہ سپر کبڈی لیگ کے انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا سوفٹ امیج جائے گا۔

مزیدخبریں