کراچی ( نیوز رپورٹر ) برکاتی فائونڈیشن کے ٹرسٹی و چیئر مین حاجی محمد رفیق پر دیسی کی خصوصی ہدایت پر مجید کالونی لانڈھی کے مون لائٹ گرامر اسکول،پائلٹ پبلک سیکنڈری اسکول،موڈرن ٹچ انگلش گرامر اسکول، مجید کالونی ہائی اسکول، بیت الحکما اکیڈمی،میتھا میٹک سٹی گرامر اسکول کے سینکڑوں طلباء و طالبات میں مفت کورس تقسیم کرنے کی تقریب سے مدارس البرکات کے ناظم اعلیٰ مفتی وسیم ضیائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تعلیم کے بنیادی مقاصد چار ہیں پہلا خدا شناسی ،دوسرانفس دانی،تیسرا ناخواندگی کو خواندگی میں تبدیل کرنا اور چوتھا معاشرتی ضرورتوں سے آگاہی اور اس کے لئے منصوبہ بندی کرنا شامل ہیں ۔ مفتی وسیم ضیائی نے کہا کہ برکاتی فائونڈیشن کا عزم ہے کہ آدھی روٹی کھائیں گے بچوں کو پڑھائیں گے اور یہ عزم برکاتی فائونڈیشن کے وابستگان پورے پاکستان میں پر جوش اندا ز میں آگے بڑھا رہے ہیں اور اپنے قائد حاجی محمد رفیق پر دیسی کے تعلیمی وژن کو پایا تکمیل تک پہنچانے میں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں،انہوں نے کہا اسلام میں تعلیم کی اہمیت ۔تعلیم سیکھنے ،سکھانے اور علم کو منتقل کرنے کا عمل ہے ،قرآن میں متعدد مقامات پر مختلف پیرایوں میں تعلیم کا تذکرہ آیا ہے،کہیں "اقرا "کے لفظ سے اس عظیم منصب کو بیان کیا گیا اور کہیں "علم یعلم یعلمون"جیسے لفظوں سے دہرایا گیا۔احادیث مبارکہ میں بھی اس کا تذکرہ بے شمار مقامات پر موجود ہے۔چھ سو سال کے طویل وقفے کے بعد بھٹکتی انسانیت کے لیے خدا کے نئے پیغام کا آغاز کلمہ "اقرا"کے ساتھ ہوا،یہ پہلی وحی واضح اشارہ تھی کہ کائنات میں ہر سو ہر نوع پھیلی ہوئی ظلمتوں سے نجات کا ذریعہ نور علم ہی ہو سکتا ہے۔ تقریب کے نگراں انچارج محسن قادری ،اقبال قادری، آصف خان، عبداللہ کامل، صفدر قادری،عابد قادری،دانش قادری اور اسکول کے پرنسپل ہیڈ ماسٹر اور ٹیچر حضرات نے خصوصی شرکت کی ۔