بلوچستان کے عوام سازشیں ناکام بناکر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنالیں : صدرممنون

Apr 05, 2018

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان کی موجودہ صورت حال کے پس پشت چند مفاد پرست عناصر ہی کارفرما نہیں رہے ہیں بلکہ اس میں ہمارے کھلے اور چھپے دشمنوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور نوجوان اس کے معمار ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ اپنے قدرتی وسائل کی بدولت تاریخ کا دھارا بدلنے والا ہے جس کے بعد صوبے پر خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے اسلئے بلوچستان کے عوام سازشوں کو ناکام بنا کر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنا ئیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ میں سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کے نویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبیں، بھی مو جود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہبلوچستان پاکستان کا مستقبل اور نوجوان اسکے معمار ہیں، سب سے بڑا صوبہ قدرتی وسائل کی بدولت تاریخ کا دھارا بدلنے والا ہے، خوشحالی کے دروازے کھل جائینگے۔ حقیر مفادات سے بلند ہو کر قومی ترقی کے لئے کام کیا جائے اور ماضی کی تلخیوں کو فراموش کر کے اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی بچیاں تعلیم کے لئے دنیا بھر میں جائیں لیکن اجنبی تہذیبوں کی اندھی تقلید سے بچیں۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں سو فیصد امن بحال کردیا گیا، دہشت گردی کے بچے کھچے اثرات کا بھی جلد خاتمہ کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں نے امن کے لئے بہت قربانیاں دیں ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری کی فعالی کے بعد وطن عزیز اور خاص طور پر بلوچستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کے جو دروازے کھلنے والے ہیں، وہ تاریخ کا دھارابدل ڈالیں گے۔مجھے بلوچستان کامستقبل انتہائی شاندار، تابناک اور تابندہ دکھائی دیتاہے جہاں روزگار کے لاکھوں مواقع لوگوں کو ان کے گھر کی دہلیز پرمیسّر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان برّی، بحری اور فضائی راستوں سے پوری دنیا کے ساتھ منسلک ہونے جا رہا ہے جس کے نتیجے میں کاروبار جدید شکل میں منظم ہوں گے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور تجارت و سیاحت کیلئے بڑی تعداد میں غیر ملکی یہاں آئیں گے۔ تقریب سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں