اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیراعظم کے داماد رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ چودھری نثار نے ہمیشہ لوٹوں کو ٹھوکر ماری ہے وہ خود لوٹا نہیں بنیں گے، پارٹی کے اندر اختلاف کرنا اور سننا اچھی بات ہے، عمران خان تو بہت مل جائیں گے، نوازشریف پیدا نہیں ہوگا‘حکمرانی عوام اور ووٹ کی چلے گی، اسکے بغیر ہر ڈاکٹرائن کا تجربہ ناکام ہوجائے گا،پیپلز پارٹی والے خود مجبور ہیں، جمہوریت کو بھول گئے ہیں، پیپلز پارٹی ایسے لوگوں کے ہاتھ چڑھ گئی جن کا خون نظر آتا ہے نہ پسینہ۔ وہ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے کیپٹن ریٹائرڈصفدرنے کہا کہ چودھری نثارنے ہمیشہ لوٹوں کوٹھوکرماری خودلوٹانہیں بنتے، پارٹی کے اندراختلاف کرنا اور سننا اچھی بات ہے۔چودھری نثارنظریہ نوازشریف کوسمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی والے خود مجبورہیں،جمہوریت کو بھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 22 والے ہر3 سال بعد پیداہو جاتے ہیں لیکن 38 برسوں میں کوئی ذوالفقار علی بھٹو پیدا نہیں ہوا۔ جب ان سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی سے اب کیوں دوریاں ہو گئی ہیں تو کیپٹن صفدر نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی نے اپنے پانچ سال پورے کرنے تھے تو وہ میثاق جمہوریت کے پابند رہے،اب وہ مجبور ہیں عدالتوں میں رل رہے ہیں اس لیے انہوں نے اپنے لئے سپیس بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے تمغہ جمہوریت بھی سجایا ہوا تھا اور آمریت بھی،افسوس اپنے آرمی چیف کو ہٹا کر خود چیف بن گئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بابر اعوان ہر دور میں بکتا رہا ہے اور بکتا ہی رہے گا۔