سیالکوٹ+گکھڑ منڈی+ گوجرانوالہ(نامہ نگاران، نمائندہ خصوصی) مختلف ٹریفک حادثات میں 2 دوست، 2 ہم زلف اور ابوظہبی میں مقیم سیالکوٹ کے 2 محنت کشوں سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں ملازمت کیلئے مقیم سیالکوٹ کے دو دوست بتیس سالہ شاہد علی اور تیس سالہ جمشید رضا ہیوی ٹرالہ کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئے۔ڈینگا گاؤں کا شاہد علی اورگائوں پنووال کا جمشید رضا محنت مزدوری کیلئے دس سال سے ابوظبی میں مقیم تھے اور وہ صبح ریکوری کیلئے جارہے تھے کہ راستہ میں ہیوی ٹرالہ ڈرائیور کی تیزرفتاری وغفلت کی وجہ سے ان پر چڑھ گیا جس سے دونوں موقعہ پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ دونوں کی ہلاکت اطلاع ملنے کے بعد اہل خانہ سوگ میں مبتلا ے اور ہر آنکھ اشکبار ہوگئی ۔ دریں اثناء سیالکوٹ کے علاقہ چک پتیاں کے قریب تیز رفتار ویگن کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو محنت کش دوست جاں بحق ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل کے ملازم اختر کا بیٹا شمائل اختر اپنے دوست حمزہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ ایک تیز رفتار ویگن نمبری LES-5814نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں دونوں شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعہ پر جاں بحق ہو گئے۔ ویگن ڈرائیور العمروف رانا ویگن چھوڑ کر فرارہو گیا۔بتایا گیا ہے کہ متوفیان لیدر جیکٹ کی سلائی کا کام کرتے تھے ۔ ایک اور حادثہ میں ڈمپر کی ٹکر سے 2 نوجوان موقع پر دم توڑ گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گکھڑ میں ڈمپر کے ساتھ موٹر سائیکل ٹکرانے سے دو ہم زلف موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا بتایاگیاہے کہ جلال پور جٹاں کا رہائشی آصف اپنے ہم زلف محلہ انصاریاں کے 35 سالہ سلطان کے گھر گکھڑ آیاہوا تھا جہاں سے دونوں ضروری کام کے سلسلہ میں موٹر سائیکل پر سوار ہو کرگھر سے نکلے کہ جی ٹی روڈ پر انکی موٹر سائیکل ڈمپر کے ساتھ ٹکرا گئی جسکے نتیجے میں شدید زخمی ہونیوالے دونوں ہم زلف موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے تاہم واقعہ کی اطلاع پاکر جائے حادثہ پر پہنچنے والے ریسکو اہلکاروں نے نعشوں کو ضروری کارروائی کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔