گوجرانوالہ: گرفتاری کے خوف سے خود کوآگ لگانے والا ملزم چل بسا، انکوائری کمیٹی تشکیل

Apr 05, 2019

گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی ) گرفتاری کے خوف سے پو لیس پارٹی کو دیکھ کر مبینہ طور پر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانیوالا ملزم دو روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جاں بحق ہو گیا ، لواحقین کی پو لیس کیخلاف نعرے بازی ، جبکہ سی پی او نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی تفصیلات کے مطابق دو روز قبل تھانہ صدر کی چوکی جنڈیالہ باغوالہ کے اہلکاروں نے چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم سجاد کی گرفتاری کے لئے جھنگی میں ریڈ کیا تو اس دوران پولیس پارٹی کو دیکھ کر ملزم نے گرفتاری کے خوف سے مبینہ طور پر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی تھی ،تاہم بری طرح جھلسنے والے ملزم کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا تھا جو وہاں پر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جاں بحق ہو گیا ، پو لیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے خود کو آگ لگا ئی تھی جبکہ موت کی نیند سونے سے پہلے سجاد نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ اسے پو لیس نے آگ لگائی ہے ، سجاد کی نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا ، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی ،سجاد کے ورثاء نے پو لیس کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی ،دوسری جانب سی پی او ڈاکٹر معین مسعود نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائن عمران احمد ملک پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں