اسلام آباد (نیشن رپورٹ+نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات میں مشرقی اور مغربی سرحدوں پر صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر وزیراعظم کو بریف کیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سیاسی اور عسکری قائدین نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ علاوہ ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اومانی رائل ائرفورس کے کمانڈر متربن علی بن متر نے ملاقات کی جس میں سکیورٹی اور پیشہ وارانہ امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اومانی رائل ائرفورس کے کمانڈر متربن علی بن متر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سکیورٹی اور پیشہ وارانہ امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اومانی رائل ائر فورس کے کمانڈر متربن علی بن متر نے خطے میں استحکام کیلئے یاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔نیشن رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان امن عمل، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکہ کے ساتھ مختلف ایشوز پر بات چیت کے حوالے سے لائحہ عمل پر بھی بات کی۔