اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد کا دورہ کیا اور ائیر پورٹ پر وزارت صحت کے ادارے سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کے تحت دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، خاص طور پر حج کے دوران حاجیوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور وزیر اعظم کی طر ف سے حاجیوں کو ڈیپارچر پر امیگریشن کلیئر کرنے میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات کا بھی جائز ہ لیا۔ دورے کے دوارن وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 198 ممالک کی طرح ڈبلیو ایچ او کے انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن 2005 پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مربوط اقدامات کر رہا ہے۔ ایئرپورٹس پر پولیو ویکسینیشن کے نظام کو یقینی بنا یا جا رہا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ وزارت ہیلتھ نے چار بڑے ایئرپورٹس اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور ائیرپورٹس پر تھرموسکین لگا دیئے گئے ہے ۔ ان اقدامات سے ائیرپورٹس پر عوام کو متعدی امراض سے بچایا جا سکے گا۔ وبائی امراض کے بین السرحدی پھیلائو کو روکنے کے لیے مربوط حکمت عملی کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ ایئر پورٹس پر میڈیکل کی سہولیات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے یہ بات وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے پولیو کے بارے میں ہونے والی بریفنگ میں کہی ہے، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون برائے پولیو بابربن عطا نے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کو مارچ میں ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تفصیلات سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ 25 سے 28 مارچ تک ہونے والی پولیو مہم میں ملک کے 97 اضلاع میں مطلوبہ دو کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے ہدف میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔