ایم کیو ایم اور ہمارا نظریہ ملتا ہے، الیکشن مل کر لڑینگے: عمران

اسلام آباد، کوئٹہ (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی، بیورو رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اگلا الیکشن مل کر لڑیں گے، صوفی ازم میں نبی پاکؐ کی حیات طیبہ پر ریسرچ کرائیں گے۔ جہلم کے قریب سوہاوہ میں نجی شعبے کی القادر یونیورسٹی میں سائنس اور صوفی ازم پڑھایا جائے گا، عظیم ملک بننے کا خواب تعلیم کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا۔ وہ اسلام آباد میں جمعرات کو حیدر آباد یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے اس دوران جہلم کے پاس سوہاوہ کے قریب نجی شعبے کے تحت یونیورسٹی بنانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان سے زیادہ نفیس لوگ کابینہ میں نہیں، ہمارا اور ایم کیو ایم کا نظریہ ملتا ہے، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اگلا الیکشن اکٹھا لڑیں گے، 90فیصد پاکستانیوں کو انگریزی نہیں آتی، ٹی وی پر بیٹھ کر لوگوں نے انگریزی بولنا شروع کردی، سمجھ نہیں آتا ہمیں اردو سمجھ آتی ہے اور آپ انگریزی بولنا شروع کردیتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری بھی پارلیمنٹ میں آکر انگریزی میں تقریر شروع کردیتے ہیں، یہ عوام کی توہین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس وہ سکالرز ہی نہیں ہیں جو مغرب کو جواب دے سکیں، مولانا فضل الرحمن یورپ یا امریکہ کو کیا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچانے کیلئے میانوالی میں یونیورسٹی بنائی، مسلمانوں نے تعلیم پر توجہ دی تو 700 سال دنیا پر حکمرانی کی، اگر کسی جگہ یونیورسٹی بنتی ہے آپ مدد نہیں کرسکتے تو مخالفت تو نہ کریں، خالد مقبول سے پوچھوں گا یہ کون لوگ ہیں جو حیدرآباد یونیورسٹی کے مخالف ہیں، حیران ہوں حیدرآباد میں یونیورسٹی کی مخالفت کون کر رہا ہے اور کیوں ہورہی ہے، میں نہیں سمجھ سکتا کہ یہ کونسی ذہنیت ہے جو یونیورسٹی کی مخالفت کرتی ہے، حیران ہوں کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کی مخالفت کون اور کیوں کررہا ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم نہیں دی گئی تو ملک نیچے چلا جائے گا، نوجوانوں کو تعلیم دی تو یہ پاکستان کو اوپر لیکر جائیں گے۔ چھوٹا سا سنگا پور 300 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے، سنگاپورکی ایک یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں سے زیادہ ہے، ملک اور قوم کا اصل تحفظ تعلیم سے ہی ممکن ہے، سڑکیں بنتی رہتی ہیں، جب لوگوں پر خرچ ہوتا ہے تو ترقی ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ کے خالد مقبول صدیقی اور فروغ نسیم بہترین وزیر ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے لئے فنڈنگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، حیدرآباد یونیورسٹی کے لئے زمین کا بندوبست بھی جلد ہوگا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان ماہ رواں کے دوران اسلام آباد اور کوئٹہ میں ہائوسنگ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم کی صدارت میں اجلاس ہو ا جس میں ہائوسنگ کے منصوبہ کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ منصوبے کے تحت کوئٹہ اور گوادر میں ایک لاکھ دس ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں گے ،پہلے مرحلہ میں اسلام آباد کے 4 مختلف علاقوں میں 19ہزار ا پارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ چکلالہ کے قریب سی ڈی اے کی زمین پر 30ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی بھی تجویز ہے ، جی 13اور جی 14میں 6ہزار اپارٹمنٹس بنانے کی تجویز ہے ۔وزیر اعظم نے اس پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان منصوبے کے تحت معیشت کو گروتھ حاصل ہوگی ،ہائی رایز عمارتیں بنانے کی بھی اجازت دیدی گئی ہے ،دریں اثنا وزیراعظم کی صدارت میں برآمدات ترقیاتی فنڈ کے انتظامی بورڈ کا اجلاس ہوا، وزیر اعظم نے کہا کے ایکسپورٹ کم ہیں ،ماضی میں ریونیو جمع کرنے کی حامل پالیسیوں کی وجہ سے صنعت مسابقت کے قابل نہیں رہی ،اب حکومت نے پالیسی کو تبدیل کر دیا ہے۔اجلاس میں بورڈ کی فنانس کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دی ، مشیر تجارت اس کے سربراہ ہوں گے ،لاہور میں 11اپریل سے 14اپریل تک ایکسپو ہو گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکرٹری ٹیکسٹائل بھی بورڈ کے ممبر ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...