پولیس نے عارفوالہ کے نوجوان کو جہاز واپس کر دیا، آئی جی پنجاب کو رپورٹ پیش

لاہور+ عارفوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت ) ضلع پاکپتن کے علاقے عارف والا میںمحمد فیاض کے جہاز اڑانے کے معاملہ پر ڈی پی او پاکپتن نے آئی جی پنجاب کوتفصیلی رپورٹ پیش کر دی ۔رپورٹ کے مطابق، محمد فیاض جو 9فٹ کا جہاز اڑانا چاہتا تھا اور جو صرف مڈل پاس ہے اور اس کے پاس نہ تو کوئی فلائنگ ڈپلومہ تھا اور نہ ہی اس نے کسی تربیتی ادارے سے فلائنگ کی تربیت حاصل کی تھی اور نہ ہی اس کے پاس فلائنگ لائسنس تھا اور نہ ہی سول ایو ایشن اتھارٹی کی طرف سے کوئی اجازت نامہ تھا۔2اپریل کو اس شخص نے جب مقامی پولیس سے فلائنگ کی اجازت مانگی تو وہاں کی پولیس نے اسے مندرجہ بالا بنیادوں کے باعث اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ڈی پی او کے مطابق اسے یہ بتایا گیا کہ فلائنگ صرف رن وے پر کی جاسکتی ہے جبکہ آبادی والے علاقوں اور کھیتوں میں اڑانے سے یہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا سبب بن سکتا تھا اور کئی قیمتی جانوں کو بھی خطرہ لاحق تھا جس کے پیش نظر اسے روکا گیا۔ فیاض نے جہاز اڑانے کے لیے انجن کو سٹارٹ کیا تو 15پر پولیس کو کال موصول ہوئی جس کے نتیجے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا بعد ازاں جوڈیشل کارروائی کے بعد جرمانہ ادا کرنے کے بعد یہ بری ہو گیا،ڈی پی او کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت سول ایوی ایشن کی اجازت کے بغیر کسی کو بھی ایئر سپیس استعمال کرنے کی اجازت مقامی پولیس نہیں دے سکتی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عارف والا کے مقام سے 35کلومیٹر دور پاکستان ایئر فورس کا ایئر سپیس ریڈار ہے اورموجودہ ملکی سرحدی صورت حال کے پیش نظر جہاز کے اڑنے کے فوری بعد اس پر حملہ بھی ہو سکتا تھا۔ لہذامحمد فیاض کی جان کے تحفظ کے پیش نظر بھی اسے اجازت نہیں دی گئی،آئی جی پنجاب ، امجد جاوید سلیمی نے ڈی پی او پاکپتن کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ عوامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے پیش نظر محمد فیاض کی سول ایوی ایشن حکام سے باقاعدہ ملاقات کروائیں تا کہ وہ باقاعدہ تحقیق کے بعد جہازاڑانے کا فیصلہ کریں۔ دریں اثناء دریں اثناء محمد فیاض کو پولیس نے اسکا بنایا ہوا طیارہ واپس کردیا، اس موقع پر محمد فیاض نے کہا کہ اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ طیارہ واپس ملنے پر بے حد خوش ہوں، میں وزیراعظم عمران خاں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مجھے موقع فراہم کریں تاکہ میں اپنی صلاحتیوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکوں، فیاض نے بتایا کہ جہاز بنا کر اڑانا میرا خواب ہے، حکومت میرے ساتھ تعاون کرے، محمد فیاض چک 32 ایس پی تابر کا رہائشی ہے اور وہ پانچ مرلہ کے گھر میں رہتا ہے، اسکے چار کم سن بچے، بیوی، والدہ اور بھائی اسکے ساتھ رہائش پذیر ہیں، اس نے بتایا کہ جہاز کی مکمل تیاری اپنے گھر میں ہی کی، اسکا سامان فیصل آباد سمیت مقامی مارکیٹ سے خریدا تھا، اس نے کہا کہ میں نے یہ جہاز دن رات کی محنت سے خود تیار کیا، جو ایک مکمل جہاز ہے، ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن کی ٹیم طیارہ کے معائنہ کے لیے لاہور سے عارفوالا پہنچے گی جو طیارے کے جائزہ کے ساتھ ساتھ پائلٹ محمد فیاض سے بھی ملاقات کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن