لاہور (نامہ نگار )آئی جی امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس تیزی سے ریفارمڈ پولیسنگ کا سفر طے کر رہی ہے اور اس میںپنجاب پولیس کی جانب سے شروع کی جانیوالے سروسز کو تھانوں سے نکال دیا گیا ہے ،جس سے عوام تھانوں میں جائے بغیر ان خدمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ 2017سے لے کر اب تک 22لاکھ 52ہزار 686افراد اس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں قائم کیے گئے پولیس خدمت کائونٹرز سے پچھلے تین ماہ سے اب تک 20ہزار ڈاکٹ حاصل کیے جا چکے ہیں ۔رواں سال 2019 میں اب تک 3لاکھ 15ہزار لوگ ان سروسز سے فائدہ اٹھا چکے ہیں اور ان تمام کاموں کے لیے حکومت سے اضافی بجٹ نہیں مانگا گیا ۔ بہت جلد پنجاب پولیس کا شمار سروس اویئنٹڈ پولیس میں ہو گا کیونکہ کہ نادرا کے بعد یہ واحد ادارہ ہے جو 14قسم کی سروسز مہیا کر رہا ہے اور تھانے کے خوف سے بھی عوام کو نجات مل رہی ہے۔ ان خیالات کاانہوں نے گزشتہ روزسنٹرل پولیس آفس لاہور میں خدمت مراکز پر کام کرنے اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی احسن یونس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک پولیس خدمت مراکز سے 296622افراد کو کریکٹر سرٹفیکیٹ، 3543افراد کو بیرون اضلاع سے کریکٹر سرٹیفکیٹ، 196525ملازمین کی ویرفکیشن، 104نجی ملازمین کی تصدیق، 19119افراد کی کرایہ داری کا اندراج، 6885افراد نے ایف آئی آرز کی کاپی کا حصول، 172کرائم رپورٹس، 19112نے گمشدگی کی رپورٹ، 35خواتین پر تشدد کے خلاف رپورٹ 19538افراد نے میڈیکو لیگل سرٹفیکیٹ کا حصول، 954309افراد نے لرنر لائسنس، 266719لرنر لائسنس کی تجدید، 171682افراد نے ریگولر لائسنس کی تجدید، 2179افراد بیرون اضلا ع سے لائسنس کی تجدید، 331033گاڑیوں کی رجسٹریشن، 272030افراد کو ریگولر لائسنس جبکہ 979افراد کو انٹرنیشنل لائسنس بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔