لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نامزد افتخار علی ملک نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کیلئے ترقی پذیر جنوبی ایشیائی ممالک کی مدد کے لئے آگے آئیں کیونکہ یہ خطہ وسائل کی شدید کمی کا شکار ہے۔ ہفتہ کو یہاں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ ایسے ممالک جہاں صحت کے نظام کے ساتھ ساتھ معیشت بھی کمزور ہے، اس وائرس کے پھیلائو کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ وہ اس خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اگرچہ عالمی ڈونرز نے جنوبی ایشیائی ممالک کو امداد کا آغاز کردیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس مدد کے باوجود اس خطے میں صحت کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے اور اس وباء کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے دنیا بھر کے 25 ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاو کا مقابلہ کرنے کے لئے ہنگامی امداد کی پہلی قسط جاری کی ہے ۔
کرونا:ترقی یافتہ ممالک کمزور معیشت والے ملکوں کی مدد کریں:افتخارعلی ملک
Apr 05, 2020