لاہور‘ مظفرآباد/ اسلام آباد( نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیرِاعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی41 ویں برسی انتہائی سادگی سے منائی گئی جبکہ کرونا وائرس کے پیش نظرگڑھی خدا بخش میں برسی کی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ جیالوں اور ذوالفقار علی بھٹو کے چاہنے والوں نے انفرادی طور پر اپنے اپنے گھروں میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔بلاول بھٹو زرداری نے علی بھٹو کی برسی کے موقع اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ چار اپریل کو ذوالفقار علی بھٹوکی برسی کے موقع پر ملک بھر لاکھوں پی پی پی کے جیالے گڑھی خدا بخش جمع ہوتے ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ آج میں اکیلا دعا مانگنے کے لئے گڑھی خدا بخش آیا ہوں۔ میرے اکیلے گڑھی خدا بخش آکر دعا مانگنے کی وجہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ ہے۔ میں ان پاکستانیوں کا شکرگزار ہوں کہ جو اس مشکل وقت میں امداد دے کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ تمام مستحقین کو راشن پہنچا سکے۔ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی ادارہ اس بحران میں کسی کو بے روزگار نہیں کر سکتا۔ اس بحران میں ادارے ملازمین کو پوری تنخواہ ادا کریں گے۔ سندھ حکومت زکوۃٰ کی رقم مستحقین میں تقسیم کر چکی ہے اور فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر عوام تک راشن پہنچا رہی ہے۔ ہم اکیلے یہ کام نہیں کرسکتے، ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ میں اپیل کرتا ہوں کہ اگر آپ امداد کر سکتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم غریب عوام کا خیال رکھ سکیں۔ اتحادضرورت ہے آج ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے، صوبے وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ صوبے پرامید ہیں کہ وفاق سب کو برابری کی بنیاد پر ڈیل کرکے ضروریات پوری کرے گا۔ہر صوبے کی وفاق نے مدد کرنا ہوگی۔ ٹیسٹنگ کٹس پہنچانا ہوں گی۔ وفاق نے ہر صوبے کے ڈاکٹرز کے لئے حفاظتی لباس پہنچانا ہوں گے، ہر صوبے کے بیمار افراد کے لئے وینٹی لیٹرز پہنچانا ہوں گے۔ شہری حکومت کی تجاویز کو مانتے ہوئے گھر پر رہیں اور سماجی فاصلے کو اختیار کریں۔ مظفرآباد میں اپنی رہائش گاہ اور قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی 41 ویں برسی کی دعائیہ تقریب کے بعد پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ سابق صدر زرداری کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر بھٹو ریفرنس کا فل کورٹ بنچ تشکیل دے کر تاریخی مغالطوں کو درست کرنے کے لئے ان کی قبر کو انصاف مہیا کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ بے نظیر بھٹو اور دیگر شہداء کے مزاروں پر بھی پھول چڑھائے۔ فاتحہ خوانی کی۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر قیمت پر اپنے عوام اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔اتحاد کی ضرورت ہے۔