ماضی کے حکمرانوں کی طرح نمائش کرتے ہیں نہ شو بازی: عثمان بزدار

Apr 05, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) حکومت اور شہریوں کے اشتراک سے غریب او رنادار افراد کے لئے راشن اور امدادی سامان کی فراہمی کا آغازکر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ اپیل پر مخیر حضرات اور تاجر برادری نے کروڑوں روپے مالیت کے امدادی سامان کے خطیر عطیات پیش کئے ہیں۔ مختلف اضلاع کے لئے پہلے مرحلے میں 100ٹرکوں پر مشتمل راشن اور امدادی سامان موصول ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب یونیورسٹی گرائونڈ آکر اپنی نگرانی میں امدادی سامان سے بھرے ٹرک متعلقہ اضلاع کو روانہ کئے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں بے روزگار اور ضرورت مند افراد کو گھروں میں راشن اور امدادی سامان مہیا کیا جائے گا۔ امدادی سامان کے 100ٹرک ضرورت کے مطابق مختلف اضلاع میںبھیجے جا رہے ہیں۔ مخیر حضرات اور تاجر برادری کے تعاون سے مزید امدادی سامان فراہم کیا جائے گا۔ امدادی سامان اور راشن کی فراہمی کا سلسلہ مرحلہ وار دیگر اضلاع تک بڑھائیں گے۔ کرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات سے متاثرہ خاندانو ں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تجارتی اداروں کی بندش سے بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ ہر شہری کی ضروریات اور مشکلات کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ لاہوراور راولپنڈی میں 25، 25 ٹرک امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ20، جہلم 5، اسلام آباد 5، جھنگ 2، سرگودھا8، شیخوپورہ میں5ٹرک بھیجے جائیں گے۔ بزدارنے تونسہ کے علاقے بستی کھیوے والی میں غلط انجکشن سے باپ بیٹی کے جاںبحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت ایک لاکھ 70ہزار مستحق افراد کو مالی امداد پہنچا دی گئی ہے۔ مستحق افراد میں 24گھنٹے کے اندر تقریبا ً 150کروڑ روپے کی مالی امداد تقسیم کی گئی ہے۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح نمائش کرتے ہیں نہ شو بازی عثمان بزدار نے وزراء کو اضلاع میں کرونا کے ساتھ گندم خریداری مہم کی نگرانی کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔ صوبائی وزراء مشیران اور معاونین خصوصی متعلقہ اضلاع میں گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ بھی کریں گے۔

مزیدخبریں