لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے سیاسی تماشے بند کر کے لوگوں کو فوری ریلیف اور راشن پہنچانے کی حکمتِ عملی بنائی جائے،عوام بھوک اور افلاس کا شکار ہیں اور چینی چور کہہ رہے ہیں کہ ملک میں آٹا اور چینی وافر مقدار میں موجود ہے ۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھوک کے ستائے لوگ سڑکوں پر بے حال بیٹھے ہیں، غریب، بیروزگار، دیہاڑی دار کے پاس روٹی نہیں اور عمران خان تعمیراتی ریلیف پیکج دے رہے ہیں، جب کنسٹرکشن ریلیف پیکیج دینے کا وقت تھا تو عمران خان لنگر خانے کھول رہے تھے، اب لنگر خانے کھولنے کا ٹائم ہے تو کنسٹرکشن ریلیف پیکیج دے رہے ہیں، قوم پوچھ رہی ہے کہ اس وقت کنسٹرکشن کی صنعت جنات چلائیں گے؟۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سمجھ کا یہ عالم ہے کہ وہ مزدوروں کو آن لائن رجسٹریشن کی نصیحت کررہے ہیں، ملک بھر میں آٹے کی قلت ہوچکی ہے، پنجاب میں آٹے کی قلت اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا نہیں، مزدور اور دیہاڑی دار تک ریلیف نہیں پہنچ رہا اور عوام بھوک اور افلاس کا شکار ہیں اور چینی چور کہہ رہے ہیں کہ ملک میں آٹا اور چینی وافر مقدار میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے گھر بجلی اور گیس کے بل پہنچ رہے ہیں لیکن ریلیف کا سامان کیوں نہیں؟