کنسٹرکشن انڈسٹری کے ریلیف پیکج سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کو جو ریلیف پیکج دیا گیا ہے یہ حکومت کا بہت اچھا اقدام ہے کیونکہ اس سے بہت سی دیگر صنعتوں کاکاروبار بھی چلے گا اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کنسٹرکشن شعبے کو انڈسٹری کا درجہ دینے اور اس صنعت کو ریلیف پیکیج فراہم کرنے کے اعلان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس پیکج کا کافی عرصے سے انتظارتھا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکج کا معیشت پر بہت اچھا اثر پڑے گا کیونکہ اس سے کنسٹرکشن انڈسٹری سے منسلک تقریبا 65سے70دیگر صنعتوں کی کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ کاروباری سرگرمیاں تعطل کا شکار ہو گئی ہیں یہ پیکج ان کو بحال کرنے میں بہت معاون ثابت ہوگا۔محمد احمد وحید نے کہا کہ کنسٹریکشن شعبے پر بھاری ٹیکس عائد ہونے کی وجہ سے بہت سے لوگوں نے اپنی سرمایہ کاری روک دی تھی تاہم انہوںنے کہا کہ اب حکومت نے جو اعلان کیا کہ ہے اس سال کنسٹرکشن شعبے میں سرمایہ کاری کرنے پر ان سے ذرائع آمدن کے بارے میں پوچھ کچھ نہیں کی جائے گی اس سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا اور وہ پیسہ جو معیشت سے باہر نکل کیا گیا اب دوبارہ اس شعبے میں آنے سے معیشت کا پہیہ بہتر چلے گا جبکہ ٹیکس نیٹ بھی بہتر ہو گا۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ حکومت نے کنسٹریکشن شعبے کو انڈسٹری کا درجہ دینے اور کنسٹریکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ تشکیل دینے کا جو فیصلہ کیا ہے یہ بہت اچھا فیصلہ ہے کیونکہ اس سے کنسٹریکشن انڈسٹری کے مسائل ایوان اقتدار تک پہنچیں گے اور بہتر انداز میں حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل اور سیمنٹ کے علاوہ کنسٹریکشن انڈسٹری کے دیگر شعبوں سے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر نے کے اعلان کیا گیا ہے جو قابل ستائش ہے تاہم انہوںنے مطالبہ کیا کہ سٹیل اور سیمنٹ شعبوں سے بھی ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن