وفاقی حکومت کورونا وائرس کے تناظر میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کےلئے 12 ہزار روپے فی خاندان کی نقد امدادی رقم فراہم کررہی ہے۔ یہ بات غربت کے خاتمے اورسماجی تحفظ کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے آج اسلام آباد میں ایک نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندان پورے پاکستان میں حبیب بنک لمیٹڈ اور بنک الفلاح کے اٹھارہ ہزار پینسٹھ سیل پوائنٹس یا پرچون کی دوکانوں کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق سے نقد امداد حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد صرف ایک بار دی جائے گی اور اس مقصد کےلئے ایک سو چوالیس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔