خود کشی کے8واقعات:ساہیوال میں2خواتین،ایک نوجوان نے زندگی کا خاتمہ کر لیا

Apr 05, 2021

ساہیوال/ گجرات/ جڑانوالہ/ فیصل آباد/ شرقپور/ سرگودھا (علاقائی نمائندوں سے)  ساہیوال میں ایک ہی دن 2 خواتین سمیت 3 افراد نے گھویلو تنازعات پر خود کشی کر لی۔ گجرات میں جھگڑے پر نوجوان نہر میں کود  گیا۔ جڑانوالہ میں روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر ایک شخص نے خود کو گولی مار لی۔ فیصل آباد میں لڑکے نے پسند کی شادی نہ ہونے پر زہر کھا لیا۔ شرقپور میں والد کی سرزنش  پر نوجوان نے جان دیدی۔ سرگودھا میں گھریلو حالات سے تنگ نوجوان نے خود کشی کر لی۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چک63۔فائیو ایل میں تین بچوں کی ماں نازیہ نے گھریلو تنازعہ پر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ میر داد معافی 18سالہ لڑ کی طاہرہ بی بی نے والدین سے جھگڑ کر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ ماموں کانجن کے چک499گ ب کے منظوراحمد کے32سالہ بیٹے وارث نے گھریلو جھگڑا پر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ تینوں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق سرائے عالمگیر منڈی بہاؤ الدین روڈ پر کھڑکا کے رہائشی 35 سالہ محمد رفیق نے گھریلو جھگڑے کی وجہ سے نہر میں چھلانگ  لگا دی۔ تاہم ایک دن کے سرچ آپریشن کے باوجود نعش نہ ملی سکی۔ جڑانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق میکے گئی روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر تھانہ صدر کے نواحی علاقہ 68 گ ب  کے رہائشی 26 سالہ نوجوان شوکت علی نے خود کو فائر مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق مرضی پورہ کا رہائشی 20 سالہ یاسر اپنی پسند کی شادی کروانا چاہتا تھا۔ گھر والوں کے نہ ماننے پر دلبرداشتہ ہو گیا اور گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں اور جان کی بازی ہار گیا۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گاؤں مڑھ بھنگواں کے رہائشی صدام حسین نے والد کی معمولی تلخ کلامی پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرگودھا کے علاقہ حیدر آباد ٹائون میں نوجوان عارف نے گھریلو حالات سے تنگ آکر زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی۔ جس کی نعش ہسپتال منتقل کر کے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کر دی گئی۔

مزیدخبریں