اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ٹویٹ سے ایک مرتبہ پھر مذہبی حلقوں میں تنازع کھڑا ہوگیا ہے اور مرکزی رویت ہلال کے نومنتخب چیئرمین نے وفاقی وزیر کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ رمضان کا چاند 13 اپریل کی شام کو لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت کئی دیگر شہروں میں واضع طور پر دیکھا جا سکے گا اور 14اپریل کو پہلا روزہ ہو گا۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ماضی میں چاند دیکھنے سے متعلق متعدد اعلانات کی وجہ سے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا۔ فواد چوہدری کو کمیٹی کے اجلاس کا انتظار کرنا چاہیے تھا کیونکہ وزارت سائنس کا ایک سینئر افسر کمیٹی کا ممبر ہے۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ چاند کا حتمی اعلان شہادت ملنے تک نہیں ہو سکتا۔ رمضان کے چاند کا اعلان صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی کر سکتی ہے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی رمضان کا اعلان نہیں کر سکتی۔ وزارت صرف ٹیکنیکل معاملات میں رہنمائی کر سکتی ہے۔