مشتاق اسپنرز کووکٹیں  اڑانے کے گر سیکھانے لگے

 لاہور(یواین پی) مشتاق احمد نوجوان اسپنرز کو وکٹیں اڑانے کے گْر سیکھانے میں مصروف ہیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹرمشتاق احمد نے نیٹ پر زیادہ سے زیادہ بولنگ کا مشورہ دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ چائنا مین اسپنر فیصل اکرم بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہورکے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ دورئہ بنگلہ دیش کیلیے اعلان کردہ ابتدائی پاکستانی اسکواڈ میں باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں۔ یہ کھلاڑی آئندہ چند برس میں پاکستان کی نمائندگی کے قابل ہوجائیں گے، یاد رہے کہ سابق ٹیسٹ اسپنر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری 10 روزہ کیمپ میں نوجوان سلو بولرز کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی کوشش کررہے ہیں، ان 6اسپنرز میں سے قاسم اکرم اور فہد منیر نے گذشتہ سال آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز پایا تھا،دیگر 4 پلیئرز عالیان محمود، فیصل اکرم، ارحم نواب اور علی اسفند نے ڈومیسٹک سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مشتاق احمد نے کہاکہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے ہمیشہ ایک خاص دبائو رہتا ہے،مجھے ابھی باصلاحیت اسپنرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملا ہے، کیریئر کے اس موقع پر بولرز کیلیے گیند پرکنٹرول حاصل کرنا بہت اہم ہوتا ہے، نیٹ پر زیادہ سے زیادہ بولنگ کرنا  ضروری ہے، وہ جتنے زیادہ اسپیل کرے گا بولنگ اتنی ہی بہتر ہوگی،میں نوجوان اسپنرزکو وکٹیں حاصل کرنے کا فن سیکھانے کی کوشش کررہا ہوں،چائنا مین اسپنر فیصل اکرم بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں، ارحم نواب اور عالیان محمود بھی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں، یاد رہے کہ تربیتی کیمپ کے ابتدائی 2 روز نیٹ سیشنز کے بعد کھلاڑی اتوار سے 3 روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کھیلیں گے، بعد ازاں 50 اوورز پر مشتمل 2 میچز بھی شیڈول ہیں، اس دوران حتمی 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن