کرونا کے خوف،انتظامیہ کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود لیاقت باغ کا جلسہ بھرپور ہوا 

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ کرونا کے خوف و ہراس اور انتظامیہ کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود لیاقت باغ کا جلسہ بھرپور ہوا ہے۔اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔مردوں کے علاوہ خواتین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔جس پر ہم تمام شرکا ء کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری محمد عثمان آکاش، نائب امراء سید عزیر حامد، خالد محمود مرزا،ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ تنویر احمد، سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم اور صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع راولپنڈی چوہدری منیر احمد بھی موجود تھے۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ  اپوزیشن کی پارٹیاں اپنے اپنے مقدمات کے خاتمے کیلئے تگ و دو کر رہی ہیں۔جبکہ جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کو اجاگر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھارت کے ساتھ تجارت کا فیصلہ کیا مگر عوامی دباؤ پر فیصلہ واپس لینا پڑا۔ کشمیر کے مسئلہ کو حل کیے بغیر بھارت سے تجارت کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک کی خود مختاری کو ختم کرکے اس اہم قومی ادارے کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن