اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) رمضان المبارک اور عید کا چاند ایک ہو گا، پشاور میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس درست سمت قدم ہے ، قوم کو متحد کرنا چاہتے ہیں، سائنسی علوم اور گواہی سے قرآن و سنت کی روشنی میں فیصلہ کریں گے ،نئی رویت ہلال کمیٹی ان شا اللہ نئی روایات قائم کرے گی ۔ ان خیالات کااظہار چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کی ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی ترجیحات واضح ہیں ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک اور عید کے چاند پر اتفاق پہلی اور اہم ترجیح ہے ۔ قوم کو ایک رمضان اور ایک عید کا تحفہ دینا چاہتے ہیں ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی سائنسی علوم اور گواہوں کو شریعت اسلامیہ کے احکامات کے مطابق دیکھے گی اور قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا۔مو لانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور قوم نے ان پر جو اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اتریں گے ، چاند کی رویت کا فیصلہ سائنسی علوم ،گواہیوں سے استفادہ کرتے ہوئے قرآن و سنت کی روشنی میں کریں گے اور پشاور میں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کا مقصد بھی یہی ہے کہ کسی کو بھی شکایت کا موقع نہ ملے ۔