رحیم یار خان(بیورو رپورٹ) اپوزیشن سے پینگیںبڑھانے پر جہانگیرترین زیر عتاب۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی جانب سے مبینہ طور پر سینیٹ کے انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی حمایت کے اشارے بھی ملے ہیں جن میں خاص طور پر جنوبی پنجاب سے چند حکومتی ایم این ایزکایوسف رضا گیلانی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اطلاعات بھی گردش میں ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ جہانگیر ترین کے اس رویئے کے بعد انہیں سبق سکھانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے نتیجے میں جہانگیر ترین کے خلاف کئی کئی سال قبل بند ہونے والی انکوائریاں دوبارہ کھول دی گئیں اور جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز میں کئی کمپنی ڈائریکٹرزہونے کے باوجود صرف جہانگیر ترین اور انکے اکلوتے بیٹے علی ترین کے خلاف ایک ہی دن میں دو ایف آئی آرز درج کروائی گئیں اور ایک کمپنی سے دوسری کمپنی میں بنکنگ چینلز کے ذریعے بھیجی گئی رقوم کو منی لانڈرنگ بنا کر اسے ایف آئی اے کو بھیج دیا گیا۔مزید معلوم ہوا ہے کہ عرصہ قبل جہانگیر ترین کی برطانیہ سے واپسی اہم شخصیات کی جانب سے یقین دہانیوں کے بعد ہوئی تھی لیکن غیر متوقع طور پر انکے خلاف دوبارہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔بعض اطلاعات کے مطابق جہانگیر ترین آئندہ کچھ عرصے کے دوران اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی ایک بڑی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں جس کے بعد انہیں جنوبی پنجاب میں اس پارٹی کو مزید فعال کرنے بارے اہم ذمے داریاں دی جا سکتی ہیں۔
اپوزیشن سے پینگیںبڑھانے پر جہا نگیرترین زیر عتاب
Apr 05, 2021