ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بنائی گئی ایگری کلچر کمیٹی نے کپاس کے کاشتکار کے لئے فی ایکڑ 15 ہزار روپے سبسڈی دینے اور کپاس کی قیمت 5 ہزار روپے فی من کرنے کی سفارش کر دی کمیٹی کے اجلاس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی فخر امام صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی چیئرمین سی پیک جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ صنعتکار اور مثالی کاشتکار خواجہ جلال الدین رومی صنعتکار فواد مختار وفاقی سیکرٹری زراعت راشد لنگڑیال ‘اسد گیلانی صوبائی سیکرٹری زراعت پنجاب‘نوفل ایڈیشنل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر‘ڈاکٹر محمد آصف وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان‘ڈاکٹر آصف تنویر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد‘خالد محمود کھوکھر سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں صنعت کار اور مثالی کاشتکار خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ اس وقت ملک میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے ہمیں سب سے پہلے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کرنا ہو گاتاکہ وہ دیگر فصلوں کی بجائے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہو سکیںاس کیلئے ہمیں سب سے پہلے کپاس کے کاشتکاروں کو پندرہ ہزار فی ایکڑ براہ راست سبسڈی دینا ہو گی اور کپاس کی فی من امدادی قیمت 5000 روپے ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی سید فخر امام نے اجلاس کے تمام شرکاء کی تجاویز کو سننے کے بعد کہا کہ پنجاب ایگریکلچر کمیٹی کا یہ اجلاس اس اعتبار سے بہت اہم ہے کہ کپاس کی کم پیداوار کے سلسلہ میں بحران سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہیںبلکہ کپاس کی پیداوار بڑھانے اور کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سبسڈی دینے کی بابت سنجیدہ تجاویز و آراء ملی ہیںجس سے حکومت کو کپاس کے کاشتکاروں کو ریلیف دینے میں آسانی ہو گی۔ اجلاس میں دیگر شرکاء نے بتایا کہ اس وقت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بیرون ممالک سے آڈرز کی وجہ سے بیرون ممالک سے دو سے تین ارب کی روئی خریدنی پڑ رہی ہے جس سے ملکی زرمبادلہ کو بچانے کے لیے ہمیں مقامی کاشتکاروں کو بیرون ممالک سے کپاس کا اچھا لیکن رعایتی داموں پر بیج منگوانے کے لیے کام کرنا ہوگا تاکہ آنے والے برسوں میں کپاس کی بیلز کو ڈیڑھ سے دو کڑوڑ تک پہنچایا جا سکے۔ اجلاس میں ان تجاویز کو منظور کرتے ہوئے سفارشات متعلقہ وزارتوں کو بجھوا دی گئی اس موقعہ پر صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زراعت کی بحالی کے لیے کوششوں کو سراہا اور بتایا کہ ان کی وزارت جہاں دیگر فصلوں کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہے۔وہاں خاص طور پر کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے کمیٹی کے اراکین کی تجاویز کو قابل عمل قرار دیا۔وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی سید فخر امام نے کہا کہ خواجہ جلال الدین رومی نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے 5000روپے من سبسڈی دینے کی جو تجویز دی ہے۔ اس پر وفاقی اور صوبائی حکومت عملدرآمد کرانے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے منظوری لینے کے بعد اعلان کریں گی۔ صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں نے کہا اس سے فارمرز کو نئے سرے سے کام کرنے کا حوصلہ ملے گا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر کمیٹی جتنی محنت سے وزیر اعظم کے ویثرن کو سامنے رکھ کر صوبے میں زراعت کی ترقی کے لئے کام کر رہی ہے اس کے ثمرات بہت جلد کاشتکاروں اور عوام تک پہنچیں گے۔