پارلیمانی جماعت میں اختلافات، پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی کریم بخش گبول مستعفی 

Apr 05, 2021

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) تحریکِ انصاف کے کریم بخش گبول نے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ پیش کردیا۔ سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی جماعت میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں اور سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن کریم بخش گبول نے اپنی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ہے، کریم بخش گبول کراچی کے پی ایس 100 کی نشست سے رکن سندھ اسمبلی ہیں۔ کریم بخش گبول نے اپوزیشن لیڈر کو استعفیٰ لکھا ہے، جس میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ حلقے کا ایم این اے مجھے اور میرے حلقے کی عوام کو ہمیشہ نظر انداز کرتا ہے، جس کی وجہ سے عوامی شکایات کا ازالہ نہیں ہو رہا، گورنر سندھ سمیت سب کو شکایات کیں لیکن شنوائی نہیں ہو رہی۔ دوسری جانب سیکرٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ کریم بخش گبول کا استعفیٰ اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول نہیں ہوا، رکنیت سے استعفیٰ دینے کے لئے اصل استعفیٰ سپیکر کو مخاطب کرکے لکھنا ہوتا ہے۔

مزیدخبریں