مجمع المدارس ملک میں تعلیمی انقلاب کی بنیاد بنے گا:سید جوادنقوی

Apr 05, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار)مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمۃ کی مجلس عاملہ کا اجلاس ادارے کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کی صدارت میں جامعہ عروۃ الوثقی لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں قومی، ملی و عصری تقاضوں کو مدنظر رکھ کر جدید بنیادوں پر ترتیب دیے گئے نصاب کی منظوری دی گئی جن میں تفسیر و علوم قرآن، علم الحدیث، اخلاق و تربیت، علم فقہ، علم اصول، علم الکلام، تاریخ، منطق و فلسفہ، عرفان و تصوف،سیاسیات ،عمرانیات ،نفسیات، اقتصادیات، حقوق و قضا، مدیریت، علم ہیت و نجوم، ادبیات زبان اردو، عربی و فارسی، ادیان و مذاہب، ابلاغیات اور ارشاد و تبلیغ کو شامل کیا گیا ہے۔اجلاس میںعلامہ توقیر عباس، ناصر مہدی،علامہ جعفر علی میر، علامہ شباب حسین شیرازی، ملحقہ مدارس کے سربراہان اور دیگر اراکین نے شرکت کی اور آئندہ ہونے والے امتحانات کے بارے اہم فیصلے کیے اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمۃ سے الحاق کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں کا بھی جائزہ لیکر الحاق کی منظوری دی گئی۔علامہ سید جواد نقوی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مجمع المدارس تعلیم القرآن والحکمہ پاکستان میں ایک تعلیمی انقلاب کی بنیاد بنے گا۔ وہ تعلیمی اخلاق کا ارتقاء چاہتے ہیں اوراس پلیٹ فارم سے جس چیز میں پاکستان کے تعلیمی نظام میں اضافہ ہوگا وہ تعلیمی اخلاق ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ دو بنیادی رکن ہیں جو اس مجمع نے قائم کرنے ہیں ان میں سے ایک تعلیمی عمل میں تحقیق کا فروغ ہے اور دوسرا پاکستانی مدارس کے افکار کی تعمیر نو ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں تعلیم کا شعبہ آغاز سے ہی محرومیت کا شکار رہا ہے۔

مزیدخبریں