اسلام آباد (اعظم گِل/ خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کیا ہے۔ انہیں ریٹائر ہوئے دو ماہ اور ہی کچھ دن ہوئے ہیں۔ آئینی اور قانونی ماہرین نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے سابق چیف جسٹس گلزار دو سال کی ریٹائرمنٹ کی مدت پوری ہونے سے قبل کوئی بھی پبلک آفس ہولڈ نہیں کرسکتے۔ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چوہدری نے کہا ہے کہ جسٹس گلزار احمد پانامہ لیکس کیس میں نواز شریف کو نااہل کرنے والے بنچ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ مدت پوری ہو بھی تو یہ متنازعہ فیصلہ ہوگا۔ سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی‘ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ذوالفقار بھٹہ نے بھی کہا ہے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کو کسی بھی عہدے پہ تعینات نہیں کیا جا سکتا۔