خضدار رمضان بازار میں مہنگائی پر عوام کا احتجاج اسٹنٹ کمشنر کی گاڑی روک لی

 خضدار (نامہ نگار)  رمضان المبارک کے آتے ہی خضدار میں مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے۔چھوٹا گوشت تیرہ سو روپے، بڑا گوشٹ سات سو روپے، مرغی کا گوشت پانچ سو پچاس روپے، ٹماٹر دو سوروپے اور پیاز  سو روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے جبکہ مارکیٹ میں دستیاب فروٹ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ناجائز منافع خوری کی وجہ سے غریب اور دیہاڑی دار طبقہ پس کر رہ گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے مویشیوں کی اسمگلنگ پر پابندی عائد کردی ہے لیکن پابندی کے باوجود مال مویشی کی سمگلنگ عروج پر ہے۔شہری مہنگائی سے سخت پریشان ہیں۔گذشتہ روز  اسسٹنٹ کمشنر خضدار قیمتوں کا جائزہ لینے بازار پہنچے تو شہریوں نے شکایتوں کے انبار لگادیئے جبکہ میونسپل کارپوریشن کے سابق کونسلر عبدالصمد کرد نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر احتجاجا اسسٹنٹ کمشنر خضدار کی گاڑی کے سامنے کھڑے ہوکر مطالبہ کیا کہ سرکاری نرخ نامہ پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خود ساختہ مہنگائی روکنے کے لیے فوری کارروائی کرکے عوام کو ریلیف دی جائے۔

ای پیپر دی نیشن