کراچی(کامرس رپورٹر) آغا اسٹیل انڈسٹریز نے اینگرو انرجی لمیٹیڈ کے جھمپیر ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ سندھ میں قائم ہونے متبادل توانائی پارک سے بجلی کی فراہمی کا معاہدہ طے کرلیا ہے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان انرجی سمپوزیم کے موقع پر منعقد ہوئی۔ اینگروانرجی کا متبادل توانائی پارک ملک میں قائم ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا ہائبرڈ ونڈ اینڈ سولر پی وی پارک ہے جو پہلے فیز میں 2024 کے اوائل تک 400میگا واٹ بجلی فراہم کرے گا جبکہ 2029تک پیداوار ایک گیگاواٹ تک بڑھنے کی گنجائش ہوگی۔اس موقع پر اینگرو انرجی لمیٹیڈ کے سی ای او احسن ظفر سید نے کہا کہ اینگرو انرجی صنعتوں کو سستی، قابل بھروسہ اور گرین انرجی تک رسائی کو ممکن بناکر پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں انقلابی تبدیلی لانے کا ذریعہ بن رہا ہے۔اس کے ساتھ متبادل توانائی پارک کے قیام کی کوششیں پاکستان میں 60فیصد توانائی ماحول دوست ذرائع سے مہیا کرنے کے قومی ویژن کے عین مطابق ہے۔جھمپیر میں اینگرو انرجی کے متبادل توانائی پارک کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے احسن ظفر نے بتایا کہ متبادل توانائی پارک کے قیام کا بنیادی مقصد انرجی مارکیٹ کو کھولتے ہوئے صنعتکاری اور برآمدات کو فروغ دے کر پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار کو تیز بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ بطور ایک سرفہرست کارپوریٹ ادارہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور ماحول کے تحفظ کے لیے کلین انرجی کے ذرائع بروئے کار لانے کے عالمی ایجنڈے میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔ آغا اسٹیل اور اینگرو انرجی لمیٹیڈ کے مابین اشتراک عمل کے معاہدے پر دستخط آغا اسٹیل کا گرین اسٹیل انقلاب کی جانب ایک اور اہم قدم ہے جس سے آغا اسٹیل کے انرجی مکس کو دیرپا بنانے کے ساتھ نیشنل گرڈ پر انحصار میں بھی کمی ہوگی۔ چونکہ اسٹیل کی پیداوار میں بجلی ایک بڑا عنصر ہے آغا اسٹیل نے قابل تجدید توانائی استعمال کرکے اپنی پیداواری لاگت کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو آغا اسٹیل کی جانب سے ماحول کے تحفظ میں حصہ ڈالنے کا بھی ذریعہ بنے گا۔
متبادل توانائی کیلئے اینگرو انرجی اور آغا اسٹیل کامعاہدہ
Apr 05, 2022