اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرکاری اداروں کی بدانتظامی کیخلاف عوامی شکایات کے فوری ازالہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی محتسب عوامی اعتماد برقرار رکھنے کیلئے اپنے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنائیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی محتسب بلوچستان نے صدر مملکت کو ادارے کی رپورٹ برائے سال 2021 پیش کی۔صدر نے کہا کہ سرکاری اداروں کی بدانتظامی کے خلاف عوامی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے ، وفاقی اور صوبائی محتسبین فراہمی ِانصاف میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محتسبین کی خدمات زیادہ لوگوں تک پہنچانے کیلئے انہیں مضبوط بنانا ناگزیر ہے، لوگوں کو ان کی دہلیز پر فراہمی ِانصاف کیلئے محتسب کی رسائی کودور دراز علاقوں تک بڑھانا چاہیے۔