وزیراعظم کی ٹیکس چوری روکنے، سگریٹ کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی ہدایت

اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سگریٹ کی صنعت میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرنے اور آئندہ دو ہفتوں میں ملک میں سگریٹ کے تمام کارخانوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں سگریٹ سازی کی صنعت میں خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب، پوائنٹ آف سیلز اور مجموعی طور پر ٹیکس کا حجم بڑھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سمگلنگ اور غیر قانونی سگریٹ کی فروخت کی روک تھام میں ایف بی آر کو ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ بارڈر کراسنگ پر اچھے شہرت کے افسروں کی ٹینور پوسٹنگ کی جائے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ تمام شوگر ملوں پر خود کار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیونکر نہ لگایا جا سکا؟۔ وزیراعظم نے شوگر ملوں پر اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نہ لگنے کیلئے ذمہ داران کا تعین کر کے انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ ٹیکس چوری کرنے والے عناصر اور ان کے کارندوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ ہدایت کی کہ ٹیکس اکٹھا کرنے کے حوالے سے قانونی و عدالتی کارروائی کو مزید تیز کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر 7 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو اپنے ٹیکس نیٹ میں لے کر آیا ہے اور رواں سال اپنے اہداف کو پورا کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے تمام شوگر ملز میں اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن