اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی اقتصادی نمو اور برآمدات میں ٹیکسٹائل کے شعبہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس شعبہ کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر گوہر اعجاز کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات میں کہی۔ وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کی معاشی اور مالی صورتحال پر روشنی ڈالی اور ان چیلنجز پر قابو پانے اور معیشت کو ترقی کی طرف گامزن کرنے کے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے وزیر خزانہ کو گیس اور بجلی کی فراہمی، ان کی قیمتوں اور درآمدات و برآمدات کے حوالے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ اپٹما کے ممبران نے درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی جن میں سیلز ٹیکس ریفنڈز کی وجہ سے کیش کی کمی، ایل سی کھولنے کے مسائل کی وجہ سے خام مال کی پھنسی درآمدات اور علاقائی سطح پر توانائی کے مسابقتی ٹیرف شامل ہیں۔ وزیر خزانہ نے ملک کی معاشی نمو میں اپٹما کے تعاون کا اعتراف کیا اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیلئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو حکومت کی زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو اپٹما کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔