اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، احسن اقبال نے چین کے وائس نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے بیجنگ میں ملاقات کی ۔ملاقات میں وفاقی وزیر کے ہمراہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور سفارت خانے کے حکام بھی شریک تھے۔دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جس میں چین پاکستان اقتصادی تعاون (سی پیک) کے تحت تعاون، تجارتی، اقتصادی اور مالیاتی تعاون، ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان تعلقات شامل ہیں، اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ملک کی معاشی مشکلات کو کم کرنے اور کوویڈ 19 وبائی امراض کے درمیان پاکستان کی اہم حمایت پر چینی فریق کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دونوں فریقوں نے سی پیک کو بی آر آئی کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی کی بہترین مثال بنانے پر اتفاق کیا اور سی پیک کی تیسرے ممالک تک توسیع پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح کے تبادلے ہمیشہ سے دوطرفہ تعلقات کی پہچان رہے ہیں اور اس رفتار کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے چین پاکستان ٹورازم ایکسچینجز کے جاری سال میں عوام سے عوام کے تبادلوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔